کراچی(امت نیوز) پاک بحریہ کے زیر اہتمام تین روزہ بین الاقوامی میری ٹائم ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس کراچی میں اختتام پذیر ہوگئی۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور سید فیصل علی سبزواری نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاک بحریہ بحری شعبے میں متحرک اقدامات کرنے میں پیش پیش ہے اور ساحلی علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور نے کہا کہ حکومت کامیاب بحری کاروباری شراکت داری اور سازگار تعاون کے لیے نئے منصوبے شروع کر رہی ہے۔ مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ کانفرنس کی تجاویز بحری شعبے کی ترقی کی ترویج کے لیے منافع بخش اقدامات شروع کرنے اور 2025 میں اگلی PIMEC کے انعقاد کے لیے رہنما اصول فراہم کریں گی۔
قبل ازیں کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل میاں ذاکر اللہ جان نے مندوبین، اسکالرز، بحری امور کے ماہرین اور قابل قدر نمائش کنندگان کی تقریب میں شرکت اور متحرک کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ PIMEC کے ذریعے پاکستان کے بحری صنعت کار ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہوں گے، خیالات کا تبادلہ ہوگا اور پاکستان کی بلیو اکانومی کے خوشحال مستقبل کیلئے نئی راہیں پیدا ہوں گی۔ انھوں نے ”بلیو اکانومی کی ترویج – ترقی پذیر ممالک کے لیے چیلنجز اور مواقع” کے موضوع پر انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر NIMA کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
آی ایم سی کے آخری سیشن کے دوران، صدر میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلنس ریئر ایڈمرل جاوید اقبال، میری ٹائم سیکیورٹی ڈائریکٹر ملائیشیا کیپٹن ڈاکٹر ٹائی یاپ لیونگ، واٹر لنک گروپ آف کمپنیز کے ڈائیریکٹر جناب احسن ملک اور ریجنل اسٹریٹجی مینیجر تھیلس مڈل ایسٹ جناب لوئس بریل نے ”محفوظ سمندروں کی اہمیت اور شپنگ اور پورٹ آپریشنز میں ابھرتے ہوئے رجحانات” کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے معززین، پاکستان کی دفاعی افواج اور دوست ممالک کے افسران، ماہرین تعلیم، میڈیا کے نمائندوں اور مقامی و بین الاقوامی تھنک ٹینکس کے محققین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
امن مشق 23 کی مختلف سرگرمیوں میں پی این ایس قاسم منوڑہ، کراچی میں میری ٹائم کاؤنٹر ٹیررازم ڈیمو کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کثیر القومی بحری مشق امن 2023 کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔
انسداد دہشتگردی کے مظاہرے کے موقع پر مبصرین، غیر ملکی سفارت کاروں، سول حکومتی ارکان، شریک بحری افواج کے اہلکاروں اور افواج پاکستان کے اعلیٰ حکام کی کثیر تعداد موجود تھی۔
کثیر ا لقومی بحری مشق امن 23 کا انعقاد ”امن کیلئے متحد” کے نعرے کے تحت کیا جارہا ہے۔ہفتہ بھر جاری رہنے والی یہ مشق مختلف شریک ممالک کو بات چیت اور بحری تعاون کے فروغ کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔