کیرالہ: بھارت میں میڈیکل کی طالبہ اپنی شادی والے دن عروسی لباس پہن کر امتحان دینے کالج پہنچ گئی۔ بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والی ایک دلہن شادی کی ساڑھی میں ملبوس اسٹیتھو سکوپ پہنے فزیو تھراپی کے پریکٹیکل امتحان میں شرکت کیلئے کالج پہنچ گئی، شری لکشمی انیل، بیٹھانی نواجیون کالج آف فزیوتھراپی کی طالبہ ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن نے پیلے رنگ کی شادی کی ساڑھی زیب تن کی ہے، زیورات پہنے اور میک اپ سے بھرے چہرے کے ساتھ امتحانی ہال میں داخل ہوتی ہیں، وہاں موجود ہم جماعت اسے دیکھ کر ہنسنے لگتے ہیں۔
ویڈیو میں لکشمی جیسے ہی کمرہ امتحان میں داخل ہوتی ہے تو اپنے دوستوں کی طرف دیکھ کر شرما کر ہنستی ہے جس پر ہال میں موجود تمام ساتھی بھرپور تالیوں کے ساتھ اس کا استقبال کر رہے ہیں۔
اس دوران لکشمی کا ایک دوست اس کی ساڑھی کے فال کو ایڈجسٹ کرنے میں اس کی مدد کرتا ہے اور دوسرا اس کے گلے میں اسٹیتھوسکوپ ڈالتا ہے۔ امتحان کے بعد دلہن باہر نکل کر اپنی ماں کو گلے لگاتی نظر آتی ہے۔
ویڈیو دیکھ کر جہاں کچھ صارفین نے اس کی تعریف کی وہیں کچھ نے سوال کیا کہ شادی کا منصوبہ امتحان کے وقت کیوں بنایا گیا تھا۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے نیک خواشہات کا اظہار کیا جب کہ ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ سب مشہور ہونے کے لیے کیا گیا۔