ترکیہ،شام میں زلزلے سےجاں بحق افراد کی تعداد36ہزارسےتجاوز

انقرہ(امت نیوز)ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے اموات کی تعداد 36 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے سے اب تک ترکیہ میں 31 ہزار 643 اور شام میں 4 ہزار 614 افراد زندگی سے محروم ہوچکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 36 ہزار 257 ہوگئیں۔
زلزلے سے تباہ عمارتوں کے ملبے سے لوگوں کی تلاش کا عمل جاری ہے اور ترکیہ میں 140 گھنٹے بعد 7 ماہ کے بچےکو ملبے سے نکال لیا گیا، اس کے علاوہ 136 گھنٹے بعد 13 سال کی لڑکی کو بھی ملبےسے نکالا گیا، ایک اور عمارت کے ملبے سے 70 سال کی ترک خاتون کو نکالا گیا۔
ترک شہر عدی یمن میں 178 گھنٹے بعد 6 سالہ بچی کو زندہ نکالا گیا۔
ترک حکام نے بتایا کہ زلزلے کے بعد سے اب تک 2 ہزار سے زائد آفٹر شاکس آئے ہیں۔
اُدھر ترک وزارت انصاف نے ناقص تعمیرات میں ملوث افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا ۔
واضح رہے کہ 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے ترکیہ میں 6 ہزار عمارتیں تباہ ہوئی ہیں اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت کا کہناہے کہ دونوں ملکوں میں 2 کروڑ 60 لاکھ افراد متاثرہوئے ہیں، متاثرین کے لیے 4 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی فوری امدادکی اپیل کی گئی ہے۔