انقرہ (امت نیوز) ترکیہ میں زلزلے کے بعد 104 گھنٹے ملبے تلے دبے رہنے والے شخص کو زندہ بچا لیا گیا ریسکیو کے وقت وہ قرآن پاک کی تلاوت کر رہا تھا۔ ترکیہ میں گزشتہ ہفتے آنے والے قیامت خیز زلزلے کی جہاں ایک جانب تباہ کاریوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور وقت کے ساتھ جانی ومالی نقصان بڑھتا جا رہا ہے وہیں امدادی سرگرمیوں کے دوران ایسے قدرت کے کرشمے دیکھنے کو مل رہے ہیں کہ جس کو دیکھ کر بے اختیار زبان سے اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا جاری ہوجاتی ہے۔ گزشتہ روز ترکیہ کے ایک زلزلہ متاثرہ علاقے سے 104 گھنٹے تک ملبے میں دبے رہنے والے شخص کو ریسکیو کرکے جب زندہ نکالا گیا تو یہ دیکھ کر ہر شخص حیران رہ گیا کہ اس کی زبان پر کلام اللہ جاری تھا۔ ریسکیو اہلکار ملبہ ہٹا کر جب اس میں دبے 47 سالہ شخص تک پہنچے تو وہ زندہ تھا تاہم اس کی آنکھیں بند تھیں اور وہ ملبے میں پوری طرح دبے ہونے کے باوجود قرآن پاک کی سورۃ بقرہ کی آخری آیات تلاوت کر رہا تھا۔ جس نے بھی یہ واقعہ دیکھا وہ قدرت کے اس کرشمے کو دیکھ کر حیران رہ گیا۔