لاہور(اسپورٹس ڈیسک)پنجاب کی نگراں حکومت نے پی ایس ایل کے لیے 80کروڑ روپے دینے سے انکار کردیا
پاکستان سپر لیگ 8 کے لیے لاہور میں ہونے والے میچز کے موقع پر ہوٹل سے اسٹیڈیم تک روٹ پر کرائے کی لائٹس لگائی جانی ہیں ، جس کے لیے ٹھیکیدار نے 80کروڑروپے مانگے ہیں
پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے لائٹس کی مد میں خطیر رقم دینے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ کا کہنا ہے کہ صرف ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 9 میچز کے لیے سیکیورٹی روٹس پر 80 کروڑ روپے نہیں لگا سکتے
ذرائع نے کہا کہ 2022ء میں ہونے والے پی ایس ایل پر پنجاب حکومت کا کرایے کی لائٹس پر 60 کروڑ روپےخرچہ آیا تھا، ملتان میں پی سی ایل میچز میں بھی کرایے کی لائٹس پر کئی کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی روٹ پر 40 جنریٹر اور 120 ہیوی فلڈ لائٹس لگائی جاتی ہیں، ایک جنریٹر سے 3 پول پر نصب 36 ہیوی لائٹس جلتی ہیں، پی سی بی نے پہلے کبھی روٹ کی فلڈ لائٹس اور جنریٹر کا خرچہ نہیں اٹھایا۔
ذرائع نے کہا کہ اس بار پی سی بی کو پنجاب حکومت نے یہ خرچہ خود اٹھانے کا کہا ہے۔