زلزلہ زدگان کیلئے تنخواہ حکومت کونہیں الخدمت کودوں گا،مولاناچترالی

اسلام آباد(امت نیوز)رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبرچترالی نے کہاہےکہ وہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ حکومت کو نہیں بلکہ الخدمت فاؤنڈیشن کو دیں گے ۔کیونکہ حکومت پر انہیں اعتبار نہیں

راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی نے ایک ماہ کی تنخواہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین دینے کا اعلان کیا

مولانا عبد الکبر چترالی نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ وزیراعظم ریلیف فنڈز میں نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ پراعتماد نہیں، میں اپنی تنخواہ الخدمت فاؤنڈیشن کودوں گا۔

اس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مولانا عبدالکبر چترالی کے سوا تمام ارکان نے اپنی تنخواہ رضاکارانہ دینے کااعلان کیاہے، مولانا چترالی کے سوا سب کی ایک ماہ کی تنخواہ ترکیہ وشام فنڈز میں دی جائیگی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کیلیے فنڈ قائم کیا ہے، جس میں کابینہ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ جبکہ گریڈ 16 سے اوپر کے افسران نے ایک دن کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔