لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اور گورنرپنجاب انتخابات کی تاریخ دینے میں جان بوجھ کر تاخیر کررہے ہیں۔
عمران خان کی زیر صدارت گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اسدعمر، فوادچوہدری، فرخ حبیب، مسرت جمشید سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن کمیشن اور گورنر کی جانب سے الیکشن کی تاریخ نہ دینے کے بعد کی حکمت عملی پرغور کیا گیا اور تمام آئینی و قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیاگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صدر مملکت کے آئینی کردار ادا کرنے کے آپشن پر بھی غور کیاگیا۔عمران خان نے اجلاس کے شرکا کو صدر مملکت سے آج ہونے والے ٹیلیفونک رابطے سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن اور گورنر انتخابات کی تاریخ دینے میں جان بوجھ کر تاخیر کررہے ہیں اور آئین شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور الیکشن کمیشن حکام کے درمیان صوبے میں الیکشن کیلئے تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا۔