ترکیہ میں متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا فیلڈ اسپتال قائم

تریکہ(اُمت نیوز)گزشتہ ہفتےترکیہ میں آنے والے قیامت خیز زلزلے کےمتاثرین کی مدد کیلئے متحدہ عرب امارات کا سب سےبڑا فیلڈ اسپتال قائم کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 40000 مربع میٹر پر محیط اس طبی مرکز میں مختلف شعبوں کے 15 ڈاکٹر اور 60 نرسیں اور تکنیکی معاونین موجود ہیں۔
اس میں متعدد تشخیصی اور علاج کی خدمات پیش کی جارہی ہیں ہے۔ان میں ہنگامی اور سرجیکل آپریشن ، اور انتہائی نگہداشت شامل ہیں۔
زلزلے کے متاثرین کو ضروری نفسیاتی مدد فراہم کرنے کے لیے اسپتال میں ایک نفسیاتی کلینک بھی قائم کیا گیا ہے۔مریضوں کے وارڈ میں 50 اسپتال کے بستر اور چار آئی سی یو بستر ہیں۔
امارات نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق ترکیہ میں غازی عنتاب کے ضلع اصلاحی میں امارات ریلیف فیلڈ اسپتال نے زلزلے سے متاثرہ افراد کو نفسیاتی بحالی سمیت طبی دیکھ بھال کی خدمات مہیا کرناشروع کردی ہیں۔
امارات ریلیف فیلڈ ہسپتال کے کمانڈر اسٹاف بریگیڈیئر ڈاکٹرعبداللہ الغیثی کے مطابق اسپتال ترکیہ کی وزارت صحت اورڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی) کے ساتھ رابطے میں ہے۔
زلزلے کے بعد متحدہ عرب امارات نے منہدم عمارتوں کے نیچے پھنسے لوگوں کی بازیابی کے لیے امدادی ٹیمیں ترکیہ بھیجی تھیں اور زلزلے سے متاثرہ دونوں ممالک کو عطیات کے ساتھ ساتھ امداد بھیجنے کے لیے متعدد امدادی مہمیں بھی چلائی ہیں۔
ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 37 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔