راولپنڈی( رپورٹ: رائے ولید بھٹی ) راولپنڈی میں شہریوں کو کھانا ڈلیوری کرنے والی آن لائن کمپنی اور رائیڈز کے درمیان ہونے والا تنازعہ طول پکڑنے لگا
رائیڈر کا دو دن سے احتجاج جاری ہے۔پولیس نے احتجاج کرنے والے تین رائیڈر کو حراست میں لے کر معاملے تحقیقات شروع کردی ہے ، رائیڈرز نے بھی تھانہ کینٹ میں اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دے دی
درخواست میں تیس سے زائد رائیڈرز کے دستخط ہیں ،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ فوڈ پانڈا رائیڈرز ہیں اور عرصہ دراز سے کمپنی کے ساتھ روزگار کے سلسلے میں منسلک ہیں۔ ان کے کمپنی کے ساتھ تین مطالبات تھے جن میں آرڈر ریٹ کم از کم 100 روپے دیا جائے ، جن رائیڈرز کی آئی ڈی بند کی گئی ہے وہ آن کی جائے اور فیول بونس پر لگی شرائط کو ختم کیا جائے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مروجہ طریق کار اپنایا اور پر امن احتجاج کیا اور اپنا کام روک دیا کیونکہ ان حالات میں کام کو جاری نہیں رکھ سکتے
رائیڈرز نے درخواست میں موقف اختیارکیاکہ انہوں نے کمپنی کے نمائندوں سے بات کی لیکن انھوں نے رائیڈرز کو دھمکیاں دیں اور دفتر سے نکال دیا اور پھر بھی اپنا پر امن احتجاج جاری رکھا، کس قسم کی کوئی قانون شکنی نہیں کی اور نہ ہی کوئی توڑ پھوڑ کی اور نہ کوئی دھمکی دی . آج بھی سب لڑکےخاموشی سے کھڑے تھے جبکہ فوڈ پانڈا منیجر نے پولیس کو بلا لیا اور پولیس ہمارے رائیڈرز کو لے کر تھانے آگئی اور اب ہم فوڈ پانڈا رائیڈرز کمپنی کے خلاف درخواست دیتے ہیں کہ آپ اس کمپنی کے خلاف سخت ایکشن لیں اور ہمارا حق ہمیں دلوایا جائے