لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان حفاظتی ضمانت کیلیےعدالت پیش نہیں ہوں گے،جسٹس طارق سلیم شیخ نے توہین عدالت کی کارروائی کا عندیہ دیدیا،عدالتی کارروائی ایک بار ملتوی کر دی گئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان طبی بنیاد پر عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، ڈاکٹرز نے بھی عمران خان کو سفر کرنے سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کے وکیل ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیر اعظم بذریعہ ویڈیو لنک اپنا جواب دے سکتے ہیں، اگرعدالت مناسب سمجھے تو عدالتی بیلف بھیج سکتی ہے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا دستخط سے متعلق درخواست گزار خود آکر تصدیق کر سکتا ہے، اگر نہیں تو پھر میں توہین عدالت کی کارروائی شروع کر دیتا ہوں۔
معزز جج نے مزید کہا کہ ہم نے قانون کے مطابق چلنا ہے، حلف کے بعد دستخط سے متعلق عمران خان بیان دیں گے، عدالت نے عمران خان کے وکیل اظہر صدیق کی وضاحت مسترد کرتے ہوئے سماعت ساڑھے 6 بجے تک ملتوی کر دی۔