کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے ترکیہ کے قونصل جنرل امیر اوزبے سے ملاقات کی اور انہیں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے شام اور ترکیہ کے لیے امدادی سامان حوالے کیا ۔
سید وقاص جعفری نے امیر اوزبے سے ترکیہ اور شام میں آنے والے ہولناک زلزلے پر ہونے والے نقصانات پر گہرے غم اور رنج کا اظہار کیا۔
سید وقاص جعفری نے بتایا کہ اس وقت الخدمت کی ترکیہ میں 47 رُکنی ٹیم سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔الخدمت ترکیہ اور شام کے متاثرہ علاقوں میں پکے پکائے کھانےکی تقسیم، خیموں ، کمبلوں اور بستروں پر مشتمل سامان پہنچانے کے ساتھ ساتھ میڈیکل ریلیف پہنچانے کا کام بھی کر رہی ہے ۔
ترکیہ کے قونصل جنرل امیر اوزبے نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ترکیہ میں امدادی سرگرمیوں پر شکر گزار ہیں۔ترکیہ اور پاکستان کی عوام ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
الخدمت گلوبل کے منیجر احمد طور نے کہا کہ ترکیہ اور شام بجھوایا جانے والا امدادی سامان ڈیزاسٹر میجنمنٹ اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی) ایف اے ٹی ایف (کے تعاون سے ترکش ایئر لائنز کے ذریعے بلا معاوضہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جائےگا ۔