اسلام آبا د (اُمت نیوز) سربراہ پاک فضائیہ سے چینی فوجی افسر نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں چین کے ڈی جی بیورو آف ملٹری اکویپمنٹ ٹیکنیکل کواپریشن جنرل فان جیانجن کو ہلال امتیاز کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابقپاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر جنرل فان کو ایوارڈ دیا گیا، ان کی کاوشوں کی بدولت خطے میں علاقائی طاقت کا توازن ممکن ہوا،
ملاقات میں ایئر چیف اور جنرل فان جیانجن نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی پیشرفت کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے ملاقات کے دوران ادارے کی جدید آپریشنل صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اپنے وژن کا ذکر کیا، انہوں نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سائبر اور سپیس کے شعبوں میں جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی اور جدید رجحانات کے مطابق پاک فضائیہ کے آپریشنل ڈھانچے کی بہتری کیلئے جاری منصوبوں کے حوالے سے بھی بتایا۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور بے مثال شراکت داری قائم ہے، پاکستان چین کے ساتھ مضبوط سفارتی، دفاعی تعلقات اور لازوال دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے مابین تعلقات علاقائی امن اور استحکام سے متعلق تمام امور ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاک فضائیہ اور پیپلز لیبریشن آرمی کے مابین عسکری تعاون میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جنرل فان جیانجن نے ہلال امتیاز سے نوازے جانے پر ائیر چیف اور حکومت پاکستان سے اظہار تشکر کیا، انہوں نے نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے وژن کی بھی تعریف کی۔