لاہور:تحریک انصاف کے 43 مستعفی ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی،لاہور ہائیکورٹ نے 43 مستعفی ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرنے پر اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ریاض فتیانہ سمیت دیگر مستعفی ارکان اسمبلی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے استعفے منظور کرنے کا اقدام چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ ،لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے ارکان اسمبلی کو ڈی نوٹی فائی کرنے کا اقدام معطل کیا ہے اور اسپیکر قومی اسمبلی کا نوٹیفکیشن درخواست کے ساتھ نہ لگانے پر یہ نوٹیفکیشن معطل نہیں ہوسکا۔
وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے استدعا کرتے ہوئے موقف پیش کیا کہ درخواست کے ساتھ اسپیکر کی جانب سے استعفے منظور کرنے کا نوٹیفکیشن لگا دیا گیا ہے، اسپیکر کے استعفے منظور کرنے کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے تحریک انصاف کے 43 مستعفی ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرنے پر اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے، اور حکم دیا کہ درخواست پر مزید کارروائی سات مارچ کو ہوگی۔