لاہور : مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جس دن عمران خان کو پکڑے کا فیصلہ کرلیا تو آپ کو پتہ چل جائے گا اور ساری ہیرو گیری نکل جائے گی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوتے،انہیں گھر بیٹھے ہی ضمانت مل جاتی ہے، عدالت سے آج تک اتنی رعایت کسی کونہیں ملتی جتنی عمران خان کو ملی ہے۔
عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کا پلاسٹر کبھی اتر جاتا ہے تو کبھی چڑھ جاتا ہے، فواد چوہدری نے بھی بتایا کہ گولی سے ہڈی بھی بچ گئی، عمران خان میٹنگز تو کررہے ہیں لیکن عدالت نہیں آ سکتے، وہ چاہتے ہیں کہ جو وہ کہہ دیں وہی قانون چلایا جائے، بادشاہ سلامت ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھے ہیں اور اپنا میڈیکل شوکت خانم اسپتال کے علاوہ کہیں سے نہیں کراتے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے اب جنرل (ر) باجوہ کی تحقیقات کرانی ہے، آپ تو باجوہ کے کاؤنٹر پارٹ تھے، آپ کی بھی تحقیقات ہونی چاہئے، اب ضرورت ہے کہ انصاف کی ہوم ڈیلوری کردی جائے، عمران خان پورے نظام کا داماد ہے، انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، ہمارا ریویو سپریم کورٹ کی کسی دراز میں پڑا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ زمان پارک کے باہر یا تو عمرانی سرکس یا بندر کا تماشہ لگا ہے، جس دن عمران خان کو پکڑے کا فیصلہ کرلیا آپ کو پتہ چل جائے گا، اور آپ کی ساری ہیرو گیری نکل جائے گی۔