ترک اداکاروں نے زلزلہ زدگان کیلئے 6 ارب ڈالر اکٹھے کرلئے

انقرہ(امت نیوز) ترکیہ کی شوبز انڈسٹری کے فنکاروں نے ایک امدادی مہم میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے چھ ارب ڈالر سے زیادہ رقوم جمع کرلی۔

ترکی ون ہارٹ‘ کے نام سے مہم میں ملک کے آٹھ قومی نشریاتی اداروں نے حصہ لیا اور مشہور شوبز ستاروں کے ذریعے عطیات جمع کیے گئے۔

فنڈ ریزنگ مہم میں ملک بھر کے لاکھوں افراد نے حصہ لیا تاکہ خوفناک زلزلے سے بچ جانے والے افراد کی بحالی میں اپنا حصہ بھی ڈال سکیں اور ان کی مدد کرسکیں۔

سات گھنٹوں پر محیط لائیو مہم کی میزبانی میں شہرہ آفاق ترکی ڈراموں ’ارطغرل‘ اور ’کورلوس عثمان‘ کے فنکار نمایاں تھے۔

ترکیہ کی ٹیلی کام کمپنیوں کو امداد کیلئے 90 لاکھ سے زیادہ موبائل پیغامات بھی بھیجے گئے اور مختلف افراد نے تحفوں کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردگان نے بھی فون کے ذریعے مہم میں حصہ لیا اور انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم تمام زلزلہ متاثرین کو ایک برس کے اندر بحال کردیں گے