کراچی میں حملہ:وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ سےرپورٹ طلب کرلی

اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کراچیچیف  پولیس آفس پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے رپورٹ طلب کرلی اور دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پولیس اور سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش  کیا

وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کلین اپ میں وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی

انہوں نے کہا کہ  دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہوگا، دہشت گردوں نے ایک بار پھر سے کراچی کو نشانہ بنایا ہے ، بزدلانہ کارروائیوں سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ارادے اور عزم کو توڑا نہیں جا سکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم پولیس اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ شہباز شریف نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کی دعا بھی کی