لاہور: پولیس اور پارٹی ورکرز نے زمان پارک میں سرچ آپریشن کیا، جس میں میٹل ڈیٹیکٹرز کا استعمال کیا گیا۔ سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائشگاہ کے اردگرد مشکوک اشیاء کی تلاشی لی گئی۔ کارکنوں نے زمان پارک کے گرد گاڑیوں کی بھی تلاشی لی۔ سرچ آپریشن عمران خان کو ممکنہ سیکورٹی خدشات کے باعث کیا گیا۔ عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر موجود کیمپوں میں بھی تلاشی کا عمل لیا گیا۔
یاد رہے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بدھ سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کا آغاز لاہور سے کریں گے، ان کو میری گرفتاری کا شوق ہے وہ بھی جیل بھرو تحریک سے پورا کر دیں گے۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کارکن تیاری کریں، جیل بھرو تحریک لاہور سے شروع کریں گے، ملک کے مختلف شہروں میں بھی جیل بھرو تحریک جاری رہے گی، عوام خوف کے بت توڑ دیں، ہم کسی سے نہیں ڈریں گے، یہ ہمیں ڈرارہے ہیں ہم جیلیں بھر دیں گے، ان کے پاس جیلوں میں جگہ ہی نہیں بچے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے بچانے والے ہی مجھ پر حملہ کرانے میں ملوث ہیں، وزیر داخلہ نے خود کہہ دیا ہم فون ٹیپ کرتے ہیں، رانا ثنا اللہ زور و شور سے کہتا ہے میرے پاس جج کی آڈیو ہے، مجھے کہا گیا میری آڈیوٹیپس بنائی گئیں، جس کا ذکر میں نے عدالت میں بھی کیا، جج کہتا رہا فواد چودھری کو پیش کرو، آئی جی لے کر اسلام آباد چلا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عدالت سے کہنا چاہتا ہوں ایکشن نہیں لیا تو ملک میں قانون ختم ہو جائے گا، جس ملک میں انصاف، قانون ہی نہیں وہاں کون سرمایہ کاری کرے گا ؟ پاکستان میں قانون اور انصاف نہ ہونا ایک کینسر کی طرح ہے۔