7ماہ میں 6ارب ڈالر کی خوراک درآمد کی گئی ، ادارہ شماریات

اسلام آباد(امت نیوز)پاکستانی عوام نے رواں مالی سال کے پہلے 7ماہ کے دوران 6ارب ڈالر غیر ملکی خوراک پر خرچ کر ڈالے

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ (جولائی تا جنوری) کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات پر 6 ارب ڈالر کی رقم خرچ ہوئی ۔ جو گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 6.29 فیصد زیادہ ہے۔

کھانے پینے کی اشیا کی درآمدات کا حجم اگر پاکستانی روپے میں دیکھا جائے تو گزشتہ سال کے مقابلے میں یہ 40 فیصد بڑھ گیا ہے۔ گزشتہ برس جولائی تا جنوری پاکستان نے 958 ارب روپے کی کھانے پینے کی اشیاء درآمد کی تھیں جب کہ رواں برس اسی دورانیے کا حجم 1347 ارب روپے سے تجاوز کرگیا ۔

واضح رہے کہ رواں سال بھی گزشتہ سال کی طرح گندم، دودھ، کریم، چائے، خشک میوے، مصالحے، سویا بین، پام آئل اور دالیں دنیا کے مختلف ملکوں سے منگوائی گئیں