پنجاب سے تعلق رکھنے والے جرارحسین کی خیبرپختونخوا حکومت میں شمولیت

پشاور(امت نیوز)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نئیر بخاری کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے  بیٹے کی خیبر پختونخوا کابینہ میں شمولیت پر سوالات اٹھنا شروع ہوگئے ہیں۔

نگراں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے مشیر جرار حسین بخاری کے شناختی کارڈ میں مستقل پتہ اسلام آباد اور موجودہ پتہ ضلع ہری پور درج ہے۔

نئیر بخاری کے بیٹے جرار حسین بخاری کو خیبر پختونخوا کے نگراں وزیر اعلیٰ کا مشیر بنایا گیا.

جرار حسین کو 26 جنوری 2023 کو شناختی کارڈ جاری ہوا۔

دوسری جانب نجی ٹی وی سے  گفتگو میں نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان کا کہنا تھا کہ ابھی علم ہوا ہے کہ جرار حسین کا تعلق خیبرپختونخوا سے نہیں ہے،یہ بھی  نہیں جانتا تھا کہ جرار حسین پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء کے بیٹے ہیں۔

اعظم خان کا کہنا تھا کہ جرار حسین کا نام گورنر اور دیگر سیاسی جماعتوں نے دیا تھا، مجھے بتایا گیا تھا کہ جرار حسین کے پی کا مقامی بندہ ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاملے کی چھان بین کروں گا، اگر جرار حسین کا تعلق کے پی سے نہ ہو پھر مشیر نہیں ہونا چاہیے۔