کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ 8 کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 6 رنز سےشکست دیدی، کراچی کنگز کی پی ایس ایل 8 میں یہ مسلسل تیسری شکست ہے ۔
168رنز ہدف کے تعاقب میں کراچی کی ٹیم 5 وکٹوں پر 162 رنز بناسکی ۔شعیب ملک سب سےکامیاب بیٹر رہے انہوں نے 49 گیندوں پر 71رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے ،عرفان خان بھی 37رنز پر ناٹ آؤٹ رہے
کوئٹہ کی طرف سےمحمد حسین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ، محمد نواز اور قیس احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مارٹن گپٹل کی شاندار سنچری کی بدولت 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 168رنز بنائے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلےگئےمیچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ابتدائی 4 وکٹیں صرف 32 کے اسکور پر گر گئی، جیسن روئے صفر، عبدالواحد بنگلزئی صفر، عمر اکمل 4 اور کپتان سرفراز احمد 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پانچویں وکٹ پر مارٹن گپٹل اور افتخار احمد نے 69 رنز کی شراکت قائم کی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بہتر پوزیشن میں لے آئے۔
افتخار احمد اس دوران محمد عامر کو چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 32 رنز کی اننگز میں 3 چوکے مارے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چھٹے آؤٹ ہونے والے بیٹر محمد نواز تھے، جو صرف 3 رنز بنا سکے۔
ایک طرف سے وکٹیں گرنے اور رن ریٹ گرنے کے باوجود مارٹن گپٹل نے 67 گیندوں پر 117 رنز کی دھواں دار باری کھیلی اور پی ایس ایل 8 میں پہلی سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔
مارٹن گپٹل نے اس دوران 12 چوکے اور 5 چھکے لگائے لیکن اننگز کی آخری گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔