کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ اقتدار کی جنگ نہیں، مسائل کے حل کی غیر سیاسی پلیٹ فارم سے کوشش ہے،ہم کسی جماعت سے نالاں نہیں ، ملک آج مشکل حالت میں ہے، ہم سب اس کے ذمے دار ہیں ۔
مصطفی نوازسمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ کراچی میں تشویشناک واقعہ پیش آیا،ایسے واقعات کا پہلے بھی یکجا ہو کر مقابلہ کیا، اس خرابی سے نجات حاصل کی،ان کاکہناتھا کہ یہ واقعات معیشت کو مزید کمزور کر دیں گے ،کوئی ریاست ایسے حملے برداشت نہیں کر سکتی۔
لیگی رہنما نے کہاکہ پولیس آفس پر حملے کے سبب اپنا سیمینارملتوی کیا،ملکی حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت، اہلیت نظر نہیں آتی ، سیاسی حلقے ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں،اپنے پلیٹ فارم سے عوام اور مسائل کے حل کی بات کررہے ہیں۔