کراچی پولیس چیف آفس حملہ کیس میں سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے ایک سہولت کار کو گرفتارکرلیا۔
ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے گلستان جوہر کے علاقے میں کارروائی اور حملے میں ملوث دہشت گردوں کے ایک سہولت کار کو حراست میں لے لیا۔دہشت گردوں کے سہولت کار سے تفتیش کی جاری ہے۔
دہشت گردوں کے دو سے تین سہولت کار ہیں، جنہوں نےجنہوں نے دہشتگردوں کو پناہ دے رکھی تھی، دو سہولت کار دہشتگردوں کو چھوڑنے آئے تھے جو موٹر سائیکل پر سوار تھے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مارت کی دوبارہ سرچنگ کی
دوسری جانب بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے گزشتہ روزعمارت کی دوبارہ سرچنگ کی ۔ سرچنگ میں ساؤتھ، ایسٹ اور آرمی کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے علاوہ کے نائن ٹیم نے بھی حصہ لیا۔
فائنل سرچنگ میں مزید 12 اشیا محفوظ کی گئیں، ایک ہینڈ گرینیڈ، پلاسٹک باکس میں پیک 2 نئے پستول، نائن ایم ایم کی نئی گولیوں کا پیکٹ، چلی ہوئی اور بغیر چلی ہوئی 210 گولیاں اورایک خنجر بھی برآمد ہوا ہے۔
اس کے علاوہ ڈیجیٹل کیمرہ، اسمارٹ موبائل فون، 2 گھڑیاں اور ایک مردانہ پرس، دستی بم کے ٹکڑے، خودکش جیکٹ کا جلا ہوا کپڑا، ایک جلا ہوا بیگ، یو ایس بی اور پستول ہولڈر بھی ملا ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ 17 فروری کو کراچی میں پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوئے جبکہ جوابی فائرنگ حملے میں تین دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔