کراچی(کامرس ڈیسک)رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں موبائل فونز اور کاروں کی درآمد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے سات مہینوں میں 93 ارب 15 کروڑ روپے کے موبائل فونز درآمد کیے گئے جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں 217 ارب روپے کے موبائل فون بیرون ملک سے منگوائے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق موجودہ سال کے پہلے 7 ماہ میں موبائل فونز پر 41 کروڑ 48 لاکھ ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا۔۔ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران موبائلز پر 1 ارب 27 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے تھے۔
جولائی 2022 تا جنوری 2023 گاڑیوں کی درآمد پر 131 ارب 70 کروڑ روپے کی کاریں درآمد کی گئیں۔۔ گزشتہ سال اسی مدت میں 199 ارب روپے کی کاریں امپورٹ ہوئی تھیں۔
ڈالر کےلحاظ سے سات ماہ میں کاروں کی درآمد پر 58 کروڑ 79 لاکھ ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا۔ پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم ایک ارب 14 کروڑ ڈالر تھا۔