ترکیہ زلزلے کے 11 دن بعد 9بھیڑیں بھی زندہ برآمد

ترکیہ(اُمت نیوز) ترک خاندان کے لیے امید کی کرن،ترکیہ زلزلے کے گیارہ دن بعد ملبے کے نیچے سے 9 بھیڑیں بھی زندہ برآمد کر لی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محمود اقصو کا تعلقغازی عنتاب کے نواحی علاقے نورداگی کے گاؤں بادملی سے ہے، اقصو کےخاندان کی گذر بسر کا انحصار ان ہی بھیڑوں پر تھا
گلہ بانی کے پیشے سے منسلک ایک ترک خاندان کو انتہائی خوشی اس وقت ہوئی جب انہیں پتا چلا کہ اس کی بہت سی بھیڑوں کو زلزلے کے 11 دن بعد بچا لیا گیا ہے۔
زلزلے سے تباہ ہونے والی 3 منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر گودام میں موجود چند مویشیوں کو علاقہ مکین نکالنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ 50 بھیڑیں اور بکریاں ملبے تلے دبی رہیں۔
ملبے کے نیچے پھنسے مویشیوں کی آوازیں نہ سننے کے بعد خاندان نے یہ سمجھا کہ وہ مر چکی ہیں، وہاں سے چلے گئے اور دوسری جگہ خیمہ لگا لیا۔
خاندان کا خیال تھا کہ ان کےمویشی زلزلے کے دوران ہلاک ہوچکے ہوں گے۔زلزلہ آنے کے گیارہ دن بعد جب اس علاقے سے گذر رہے تھے تو اقصو نے ملبے کے نیچے سے بھیڑوں کے منمنانےکی آوازیں سنی۔

اس نے ریسکیو ٹیموں کو اطلاع دی جنہوں نے فوری امدادی مشن کے تحت ملبے تلے سے 9 بھیڑوں کو زندہ نکال لیا گیا۔
اقصو نے کہا کہ اس نے اپنے بہت سے رشتہ داروں کو اس آفت میں کھو دیا۔ اس مشکل وقت میں اس کی بھیڑوں کو دوبارہ دیکھنے سے اس کی نفسیاتی حالت پر مثبت اثر پڑا ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی اناطولیہ کے مطابق اقصو کی بیوی اور بچے معجزانہ طور پر زلزلے سے بچ گئے، جب کہ اس کی ماں اور بہن ملبے تلے دب کر دم توڑ گئیں۔