امریکا کا ترکیہ اورشام کیلئے مزید 10کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

امریکہ(اُمت نیوز)ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے امریکہ نے مزید 10کروڑ ڈار امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کے مطابق یہ امداد ترکیہ اورشام میں زلزلے سے متاثرہ کمزورآبادیوں کومہیا کی جائے گی اورامدادی سرگرمیوں میں شریک بین الاقوامی اورغیرسرکاری تنظیموں کی مدد کے لیے دستیاب ہوگی۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس نئے امدادی پیکج سے ضروری امدادی اورزندگی بچانے والی اشیاء جیسے کمبل، گدے، فوڈ پیک، گرم کپڑے، خیموں اور پناہ گاہوں کے سامان کی خریداری کی جائے گی۔
اس کے علاوہ ادویہ اورصحت کی خدمات، صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی کوششوں اور زلزلے سے متاثرہونے والے بچّوں اورنوجوانوں کی تعلیم میں مدد دینے کے پروگراموں پربھی یہ امدادی رقم خرچ کی جائے گی۔
صدرجوبائیڈن پناہ گزینوں اور مہاجرت کے ہنگامی معاونت فنڈ (ای آر ایم اے) میں سے 5کروڑڈالر اور محکمہ خارجہ اور یو ایس ایڈ کے ذریعے انسانی امداد میں5کروڑڈالر کی منظوری دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلے سے اعلان کردہ ساڑھے آٹھ کروڑ ڈالرکی امدادی رقم کے علاوہ ہے،جبکہ وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے انقرہ کو یقین دلایا ہے کہ ’’امریکا یہاں موجود ہے‘‘۔