لاہور: چیئرمین عمران خان شام پانچ بجے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کیلیے پہنچ گئے تھوڑی دیر میں سماعت دوبارہ شروع ہو گی۔ پی ٹی آئی رہنماﺅں اور کارکنوں کا بڑا قافلہ بھی ان کے ہمراہ ہے ۔
دوسری جانب عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست بھی سماعت کیلیے مقرر کردی گئی ، جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ پانچ بجے کے بعد سماعت کرے گا۔
اس موقع پرعمران خان نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم حق اور سچ کی آواز بلند کرتے رہیں گے ،عدالتوں کا احترام کرتاہوں ، آج عدالت میں پیش ہو رہاہوں۔
انہوں نے کہا کہ جیل بھرو تحریک سے پیچھے نہیں ہٹوں گا عدالت نے جب بھی بلایا پیش ہوا ، سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت اور اداروں کی ذمے داری ہے ،ملک میں ظلم اور نا انصافیاں ہورہی ہیں، عدالت کو اس کا بھی نوٹس لینا چاہیے ۔
قبل ازیں تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ عمران خان ہرعدالتی پیشی پر پیش ہوئے ہیں، لیکن 3 نومبر کو ان پر قاتلانہ حملہ ہوا، اور ان کی ٹانگ کی ہڈی فیکچر ہو گئی، ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے، جس بنیاد پر وہ گھر سے باہر نہیں نکلتے۔
پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ ناخوشگوار واقعہ کا ذمہ دار کون ہوگا، اگر آج کچھ بھی ہوا توذمہ دار رانا ثنااللہ اور حکمران ہوں گے۔