راولپنڈی(امت نیوز)مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائز مریم نواز کا کہناہے کہ مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ حکومت نہیں۔ ۔ نوازشریف آئیں گے تو سب ٹھیک ہوجائے گا
راولپنڈی تنظیمی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ عوام جانتے ہیں معاشی تباہی اور مہنگائی کا عذاب سابق حکومت لائی۔ 4 سال میں جو تباہی مچائی گئی اس سے نجات میں چند سال لگیں گے۔ نوازشریف آئیں گے تو سب حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں بھی ہمیشہ برے حالات میں ملک ملا، نوازشریف اور شہباز شریف نے ہمیشہ ڈیلیور کیا، اب بھی قوم اور ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ تنظیم کو ہر سطح پر فعال بنائیں گے ، سوشل میڈیا، خواتین اور یوتھ ونگز کو مزید وسعت دیں گے ، خواتین اور نوجوانوں کو آگے لائیں گے۔ پی ٹی آئی کے لوگ مسلم لیگ (ن) میں آنے کیلئے منتیں کررہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ توشہ خانہ میں عمران خان نے ڈکیتیاں کی ہیں، فارن فنڈنگ میں عمران خان مجرم ثابت ہو چکا ہے۔ عمران خان نے ٹیریان کے معاملے میں بھی جھوٹ بولا ہے۔ عمران خان کےخلاف مقدمات سیاسی انتقام کی بنیاد پرنہیں بنے۔