کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی اور بن قاسم میں لوٹ مار کی وارداتیں عام ہوگئیں۔بن قاسم کے علاقے شاہ ٹاون میں ڈکیتی کی واردات ک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ،جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھٹو آٹا چکی پر لوٹ مار کرنے والے مسلح ملزمان موٹرسائیکل سوار ہوکر آئے۔انہوں نے عملے کو یرغمال بناکر واردات کی۔ملزمان نے کیش کاؤنٹر کا صفایا کیا۔دکان میں موجود افراد سے بھی نقدی اور موبائل فون چھین لیے گئے۔ملزمان 2 لاکھ 80 ہزار روپے اور 4 موبائل فون لیکر باآسانی فرار ہوگئے،جبکہ دوسری جانب ضلع کورنگی کے تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں کی کھلے عام واردات کی فوٹیج نے عوامی کالونی پولیس کا پول کھول دیا۔کورنگی نمبر چار کلو چوک کے قریب فوڈ اسٹریٹ پر درجن سے زائد شہری لٹ گئے۔دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے فوڈ اسٹریٹ پر بیٹھے شہریوں کو لوٹا۔ملزمان نے شہریوں کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کردیا۔ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات کرتے ہوئے ہوئے واضح دیکھا جاسکتا ہے۔