فیس بک سے مزید 7 ہزار ملازمین نکالنے کی تیاری

واشنگٹن (امت نیوز) غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میٹا کے ہزاروں ملازمین کی خراب کارکردگی سے متعلق رپورٹ موصول ہونے کے بعد یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ میٹا گزشتہ سال نومبر میں تقریباً 11ہزار ملازمین کو برطرفی کا نوٹس دینے کے بعد اب مزید ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کرنے والی ہے۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا پلیٹ فارمز انکارپوریٹڈ نے دنیا بھر سے اپنے 11 ہزار ملازمین کو فارغ کردیا تھا۔ اتنی بڑی تعداد میں ملازمین کو نکالنے پر میٹا کے چیف ایگزیکٹیو افسر مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ ہم یہاں کیسے پہنچے، اس کی ذمہ داری میں لیتا ہوں، مجھے معلوم ہے کہ یہ سبھی کے لئے مشکل ہے اور جو لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں، ان کے لئے مجھے بھی افسوس ہے۔