اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کا نیا اپوزیشن لیڈر مقررکریں اوران کی مشاورت سے چیئرمین نیب کا تقررکریں، راجہ ریاض کی مشاورت کوکوئی تسلیم نہیں کرتا۔
چیئرمین نیب کے مستعفی ہونے پر تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے فیصلہ کیاہے،جوبھی عدالت طلب کرے گی حاضر ہوں گے۔
گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی ممبران کے استعفوں کو معطل کردیا ،ہم 70 لوگ اسمبلی میں واپس جا رہے ہیں،حکومت بدترین سیاسی کارروائیوں میں مصروف ہے ،شیخ رشید اور ہم سب پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے راجہ ریاض لوٹا ہے،ان کی مشاورت کوکوئی تسلیم نہیں کرتا،راجہ ریاض اور شہبازشریف کا تعلق ایسے ہی ہے جیسے غلام کا آقا سے ہو، چھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر بیٹھے ہیں،کچھ آئین کا خیال کریں ،پی ٹی آئی کا نیا اپوزیشن لیڈر مقرر کریں اوران کی مشاورت سے چیئرمین نیب کا تقررکریں ۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب نے استعفیٰ دیا، کہا جارہا ہے کہ ان پر دبائو تھا،چیئرمین نیب پر دباو تھا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات درج کریں، مدینہ منورہ کیس میں مجھ سمیت دیگر رہنمائوں پر توہین مذہب کے مقدمے گھڑے۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنرنے عہدے کا بیڑہ غرق کر دیا، چیف الیکشن کمشنر کو صدارت کی آفر بطور رشت دی گئی ہے۔چیئرمین نیب کے استعفے سے سبق لیا جائے ، بیورو کریسی سیاسی معاملات سے الگ رہے ۔