اسلام آباد: خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں کے عام انتخابات کے معاملے پرالیکشن کمیشن نے اٹارنی جنرل اور آٸینی ماہرین کو مشاورت کے لیے کل طلب کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں کمیشن کے ممبران، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور لا ونگ کے نماٸندے شریک ہوئے۔
الیکشن کمیشن اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا جس کے مطابق الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق بغیر کسی دبائو کے فیصلہ کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا، الیکشن کمیشن ہر وقت آئین اور قانون کے تحت 90دن میں الیکشن کرانے کے لیے تیار رہتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق آئین اور قانون میں کہیں بھی نہیں لکھا کہ الیکشن کی تاریخ کمیشن دے گا، وہ مجاز اتھارٹی کی طرف سے تاریخ مقرر کرنے کے بعد فوراً الیکشن شیڈول دے کر الیکشن کرانے کا پابند ہے۔
صدر پاکستان کی طرف سے تاریخ مقرر کرنے کے بعد آج کمیشن کے اجلاس میں اس پر تفیصلاً غور کیا گیا، اٹارنی جنرل آف پاکستان اور دیگر قانونی ماہرین سے مزید رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا گیا۔