کوئٹہ :چیئرمین مری قبائل اتحاد میر جہانگیر خان نے الزام عائد کیا ہےکہ بارکھان واقعے پر بلوچستان حکومت اپنے وزیر کو بچانےکی کوشش کر رہی ہے۔
کوئٹہ میں بارکھان میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور مری قبیلے کے افراد کا دھرنا جاری ہے۔
اس موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے چیئرمین مری قبائل اتحاد میر جہانگیر خان نے دعویٰ کیا کہ مغوی بچوں کو سردار عبدالرحمان کھیتران کے ساتھی وڈیرے کے پاس پہنچا دیا گیا ہے، اس کام کے لیے اس وڈیرے کو 10 کروڑ روپے بھی دیےگئے ہیں۔
میر جہانگیر خان نے الزام عائد کیا کہ بلوچستان حکومت اپنے وزیرکو بچانے کے لیے ایسا کر رہی ہے، ہم بارکھان واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری چاہتے ہیں، خان محمد مری کے 5 بچوں کو فوری بازیاب کرایا جائے، صوبائی وزیرکے خلاف مقدمہ درج اور وزارت سے برطرف کیا جائے، وفاقی حکومت اور سپریم کورٹ سے اس معاملے میں مدد کی اپیل کرتے ہیں۔
میر جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ خاتون نے ویڈیو میں فریاد کی تھی، اس کاابھی تک مقدمہ نہیں ہوا، صوبائی حکومت کی کارکردگی نہ ہونےکے برابر ہے، وزیر داخلہ کا بلایا گیا اجلاس بے نتیجہ ہے۔