حکومت آئی تو نہیں چھوڑوں گا، عمران خان کی دھمکی

لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ حکمراں کچھ بھی کرلیں ، اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہی ہوگی ۔۔ ان کی حکومت آئے گی تو پھر وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے

عمران خان نے مزید کہا کہ پہلے تو آپ نے غیر قانونی چیزیں کیں لیکن اس بار آپ نہیں بچیں گے، 90 دن کے بعد نگراں حکومت نہیں رہ سکتی، ہمارے دور میں نیب نے 480 ارب ریکور کیے

عوام سے ویڈیو خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ جو بھی آج ایکشن کررہا ہے اسے میں نہیں چھوڑوں گا

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ اپنی دولت بھی پاکستان لے آئیں تو مہنگائی ختم ہوجائے گی، 10 ماہ میں حکومت کے ساتھ وہ کیا جو دشمن بھی نہیں کرتا، ہمارے دور میں تیل 110 ڈالر فی بیرل تھا آج 75 سے 80 ہے۔

۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں سے قربانیاں لے رہے ہیں خود بھی کچھ کریں، ہمارے سامنے مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں، قوم اب بیوقوف نہیں بنے گی لوگ سڑکوں پر آنے کے لیے تیار ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جس طرح لاہور کے لوگ نکلے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آج پاکستان گھٹنوں کے بل کھڑاہے، ملک میں ایک طرف بے روزگاری دوسری طرف مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت گراکر ملک کے خلاف سازش کی گئی، اس سب کے ذمہ دار آپ اور آپ کے سہولت کار ہیں، ہمارے دور میں ملک میں تاریخی ڈالر آئے تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب ان کا خاص آدمی تھا، وہ بھی کہہ رہا ہے جھوٹے کیسز بنائے گئے، مجھ پر 70 ایف آئی آر ہیں، کوئی فکر نہیں جتنی مرضی کریں، لوگوں کا خوف دور کرنے کے لیے ہی جیل بھرو تحریک شروع کی۔

عمران خان نے کہا کہ ملک سے بھاگا ہوا بھگوڑا باہر بیٹھ کر ملک کے فیصلے کررہا ہے، اس ملک کا کیا مستقبل ہوگا جہاں ایک مفرور ملک کے فیصلے کررہا ہے، شہباز شریف 24 ارب کے کرپشن کیس میں پکڑا جانے والا تھا۔