پرویز الٰہی نے نیپیاں بدلنے کی ذمہ داری اٹھالی،مریم نواز

سرگودھا(امت نیوز)مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی نے نیپیاں بدلنے کی ذمہ داری اٹھالی ہے، ان ٰکے بیٹے نے ساری عمر مال بٹورنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔ اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان کو کندھے سے اتار کر پھینک دیا، گھڑی چور عمران خان کو مہرہ بنایا گیا

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز شریف نے سرگودھا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت میں بھی سرگودھا والوں نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، نواز شریف بھی سرگودھا والوں کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب سے گھڑی چور حکومت چھوڑ کر گیا سازش کا سن سن کر کان پک گئے، سازش اصل میں نواز شریف کے خلاف ہوئی تھی، نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والا 5 کا ٹولہ تھا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف عوام کا نمائندہ تھا، کسی کا مہرہ نہیں بن سکتا تھا، گھڑی چور عمران خان کو مہرہ بنایا گیا، دھرنا اور لاک ڈاؤن ناکام ہونے پر دوسرا طریقہ سوچا گیا، ن لیگ کے لیڈران کو چن چن کر نااہل کیا گیا، اسٹیبشلمنٹ نے بدبودار، گند عمران خان کو کندھوں سے اتار کر پھینک دیا۔

جیل بھرو تحریک سے متعلق انہوں نے کہا کہ لوگوں کیلئے جیلیں اور اپنے لئے بیلیں (ضمانتیں)؟ کبھی ایسا سنا ہے؟، نواز شریف مرتی ہوئی بیوی کو چھوڑ کر گرفتاری دینے آیا تھا، نواز شریف نے کارکنوں کو ڈھال نہیں بنایا بلکہ قربانی دی، پہلی جیل بھرو تحریک دیکھی جس میں پولیس گرفتاری دینے کی اپیل کررہی ہے۔

سابق آئی ایس آئی چیف پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ فیض حمید نے اربوں روپیہ بنایا اور مشرق وسطیٰ کے ممالک میں منتقل کیا، ان کو عمران سے کوئی محبت نہیں بلکہ اپنے جرائم کا خوف ہے، فیض کی باقیات اب بھی کہیں بیٹھ کر حالات کنٹرول کررہی ہیں

ان کا کہنا ہے کہ آلو، ٹماٹر، بجلی، گیس، گھی، ڈیزل، پیٹرول مہنگا ہو تو قصوروار عمران خان ہے، عمران خان نے آئی ایم ایف کو قیمتیں بڑھانے کا لکھ کردیا، جسے صادق و امین بناکر پیش کیا گیا اس کی صداقت کے قصے دنیا میں گونج رہے ہیں، میاں بیوی رشوت لیتے رہے اور مال کھاتے رہے۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ پرویز الٰہی نے نیپیاں بدلنے کی ذمہ داری اٹھالی ہے، ان ٰکے بیٹے نے ساری عمر مال بٹورنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا، عمران اتنا بزدل ہے کہ 5 مہینے سے ٹانگ پر پلاستر لگاکر بیٹھا ہے، روز عدالتیں بلاتی ہیں لیکن کہتا ہے میں پیش نہیں ہوسکتا، اس ڈر سے پلاستر نہیں اتار رہا اس کو عدالت کے سامنے پیش ہونا پڑے گا، لوگوں کو بھاشن دینے والا بزدل چوہے کی طرح بل میں چھپ کربیٹھا ہے۔