وزیراعظم نے صدرمملکت کو غیر آئینی کاموں سے باز رہنے کا مشورہ دیدیا

اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے صدرعارف علوی کوغیر آئینی کاموں سے باز  رہنے کا مشورہ دے دیا

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ صدر کا الیکشن کمیشن کو خط غیر آئینی ہے، صدر غیر آئینی کام کرنے سے باز  رہیں، الیکشن کمیشن خود مختار ادارہ ہے، الیکشن کمیشن کا جو بھی فیصلہ ہو گا حکومت عمل کرے گی۔

ان کا کہنا تھا تحریک انصاف کی برائے نام جیل بھرو تحریک ناکام ہو چکی ہے، عوام تحریک انصاف کے یوٹرنز کو جان چکے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل صدر عارف علوی نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے مشاورت کی دعوت دی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے صدر کی مشاورت کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا جس کے بعد صدر عارف علوی نے خود ہی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کی تاریخ دے دی تھی۔

وفاقی وزراء کی جانب سے صدر عارف علوی کے اس اقدام کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ صدر عارف علوی کے حکم کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔