کے پی پولیس نے جانوں کی قربانی دے کر امن قائم کیا،نگران صوبائی وزیر

سوات(بیورورپورٹ) سوات میں پولیس ٹریننگ اسکول میں تیرہویں بیج کے 804ریکروٹس کی تربیت مکمل کرکے پاس آؤٹ ہوگئے۔ تربیت مکمل کرنے والے پولیس جوانوں نے پاسنگ آؤٹ کے دوران پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف عملی مشقوں کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔پولیس ٹریننگ اسکول میں اب تک 13ریکروٹس کورسز کے دوران 3550جوان، 1000خاصہ دار،34ایف آئی اے اہلکار، 13ایڈوانس کورسز میں 455افسران کے علاوہ 174ٹورزم پولیس کے جوانوں نے تربیت پائی ہے۔ 6ماہ کی تربیت پانے والے ان ریکروٹس میں 4خواتین اہلکار بھی شامل تھیں جنہوں نے بھی اپنی صلاحیتوں کے خوب جوہر دکھائے اور پریڈ کے دوران شاندار مظاہرہ کیا۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی نگران صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرت محمد علی شاہ تھے جبکہ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریننگ فیروزشاہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات سہیل احمد خان اور دیگر پولیس حکام کے علاوہ عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔پریڈ کے دوران شاندار مظاہرہ دکھانے والے جوانوں میں انعامات اور شیلڈ ز تقسیم کی گئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر محمد علی شاہ نے کہاکہ خیبرپختونخوا پولیس نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر امن قائم کیا، امن اور وطن کی مٹی کی خدمت کے لئے پولیس جوانوں کی ان خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں،انہوں نے کہاکہ پولیس ٹریننگ سکول میں سہولیات بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کروں گااوراس کو وسعت دینے کے لئے اراضی، چار دیواری کی تعمیر اور مسجد کے توسیعی منصوبے پر کام کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات سہیل احمد اور ڈائریکٹر پولیس ٹریننگ سکول سوات نور جمال کے ساتھ ساتھ پولیس آفیسرزاور مقامی عمائدین بھی موجود تھے۔