لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ جیل بھرو تحریک میں جن لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے، ان کو کپڑے بھی نہیں دیے جا رہے
لاہور میں وڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس میں عمران خان نے کہا کہ عدلیہ پر مافیا کا پورا اٹیک ہے، مافیا ججز کی ٹیپس بناتا ہے۔ عدلیہ کی سب سے بڑی ذمہ داری ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کرنا ہے
عمران خان نے کہا کہ میری جے آئی ٹی کی پوری فارنزک ختم کردی گئی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میری چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ جاوید علی کے معاملے کا از خود نوٹس لیا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ عثمان ڈار نے ہمارے دورِ حکومت میں سیالکوٹ کے جاوید علی کو ایک چوکیدار کی نوکری دلوائی، کچھ روز قبل جاوید کو پہلے پولیس اور پھر نامعلوم افراد نے اٹھا لیا۔
انہوں نے کہا کہ جاوید علی پر تشدد کر کے اسے دھمکیاں دی گئیں کہ کسی کو نہیں بتانا، اس کی اہلیہ کو دھمکایا گیا کہ شوہر کو برہنہ کر کے بدنام کریں گے، اپنے ملک میں شہریوں کے ساتھ اس قسم کا سلوک میں نے کبھی نہیں دیکھا۔
عمران خان نے کہا کہ چوکیدار کو عثمان ڈار کے خلاف گواہ بنانے کی کوشش کی گئی، اعظم سواتی کو بھی برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنا یا گیا تھا، شاید دہشت گردوں سے ایسا رویہ رکھا جاتا ہوگا، البتہ ایک کارکن پر اتنا تشدد کیا کہ وہ ذہنی طور پر مفلوج ہوگیا، جاوید علی کی طرح لوگ میڈیا پر آنے سے ڈرتے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان سے درخواست ہے کہ اس قسم کے واقعات کا نوٹس لیں، عدلیہ کی سب سے بڑی ذمہ داری شہریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرنا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کو بنانا ری پبلک بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، کسی کو قانون اور آئین کی فکر نہیں، طاقتور لوگوں کا قانون ہے، آئین ہر انسان کو اس کے بنیادی حقوق کی حفاظت کا حق دیتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جب سے ہماری حکومت گئی ہے لوگوں کے بیانات دلوانے کی کوشش کی گئی، بلیک میل کرنے کی آڈیو ٹیپس، کرپشن کیس اور جعلی مقدمات کی کوشش کی گئی، بلیک میل کرنے کا ایک ہی مقصد ہے کہ کسی طرح ہمیں کمزور کیا جائے۔
عمران خان اور عثمان ڈار کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید علی کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم میں چوکیدار کی نوکری کرتا ہوں، پولیس نے پہلے اٹھایا اور پھر مجھے کچھ افراد نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں مجھے برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور پوچھا گیا عثمان ڈار نے ملازمت کے لئے کتنے پیسے لئے ہیں۔
جاوید علی نے کہا کہ بیوی سےکہا گیا کہ مجھے برہنہ کرکے ویڈیو بنائیں گے جب کہ مجھےکہا کہ میری ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈالی جائے گی۔