ہانگ کانگ : بدھ کے روز سے لاپتہ چین کی معروف ماڈل آبے چوئی کی ٹانگیں ایک گائوں میں گھر کے فریج سے برآمد کر لی گئیں تاہم ان کا سر اور دیگر اعضا غائب ہیں۔
چینی ماڈل کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا، ان کے جسمانی اعضا ہانگ کانگ کے گاؤں سے ملے، گھر سے مقتولہ کے کریڈٹ کارڈز، شناختی کارڈ ، گوشت کاٹنے کی مشین اور تیز دھار آلے بھی ملے ہیں۔
آبے چوئی کا سابق شوہر کے ساتھ مالی تنازع چل رہا تھا جس پر پولیس نے اس کو 2 بھائیوں اور باپ سمیت حراست میں لے لیا، 28 سالہ آبے چوئی 2 بیٹیوں کی ماں تھیں۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ ایلن چنگ نے ہفتے کے روزپریس کانفرنس میں کہا کہ ماڈل کے سابق شوہر کو شہر کے ایک مضافاتی جزیرے لانٹاو پر واقع تنگ چنگ کے ایک گھاٹ پر فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا گیا ۔
سپرنٹنڈنٹ چنگ نے کہا کہ پولیس کا خیال ہے کہ اس کا گرفتاری کے وقت واٹر ٹرانسپورٹ کے ذریعے فرار ہونے کا ارادہ تھا۔
چنگ نے کہا کہ سابق شوہر، اس کے بھائی اور والدین کے ساتھ جنہیں جمعہ کو گرفتار کیا گیا تھا ،ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہےجبکہ پولیس چوئی کے جسم کے باقی حصوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔