کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 14 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کنگز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر جیمز ونس 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد میتھیو ویڈ اور طیب طاہر نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 109 رنز جوڑے۔
طیب طاہر نے ڈیبیو میں نصف سنچری بنائی اور 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد میتھیو ویڈ نے شعیب ملک کے ساتھ اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن میتھیو ویڈ 46 رنز بنا کر احسان اللہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
کپتان عماد وسیم 14 رنز اور شعیب ملک 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
کراچی کنگز نے اپنے اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی ہیں، فاسٹ بولر محمد عامر، حیدر علی اور عمران طاہر کو آرام کروایا گیا ہے جبکہ محمد موسیٰ، طیب طاہر اور تبریز شمسی پلئینگ الیون کا حصہ ہوں گے۔