کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے یا انہیں کراچی منتقل کردیا جائے ۔ اس معاملے پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا
پنجاب حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان سیکیورٹی اخراجات پر پیدا ہونے والا تنازع شدت اختیار کرگیا
پی سی بی نے دو ٹوک کہہ دیا ہے کہ 2019 سے سیکیورٹی کی مد میں نہ پیسے دیے ہیں اور نہ دیں گے۔
دوسری طرف نگراں حکومت نے صاف انکار کیا اور کہا کہ حکومت کے پاس پیسے نہیں، پی سی بی کو یہ اخراجات خود کرنا ہوں گے۔
اس تنازع پر چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے وزیر اعظم سے رابطہ کیا اور کہا کہ قومی ایونٹ کا انعقاد قومی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پیسوں کے مطالبے سے دستبردار نہ ہوئی تو میچز کراچی میں کرانے پر مجبور ہوں گے۔
اس پر وزیراعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
تاہم وزیراعظم کی جانب سے یقین دہانی کے باوجود معاملہ جوں کا توں ہے اور ابھی تک فیصلہ نہیں ہوسکا کہ پاکستان سپر لیگ کے لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے یا انہیں کراچی منتقل کردیا جائے
لاہور میں 9 اورراولپنڈی میں مجموعی طور پر پی ایس ایل کے 11 میچز طے ہیں