راولپنڈی( اسٹاف رپورٹر) راولپنڈی ٹریفک پولیس نے یکم مارچ تا12مارچ2023 پاکستان سپر لیگ میچز کے حوالے سے شہریوں کی سہولت کےلئے منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا
۔ٹریفک پولیس کے 347افسران و جوان تعینات کئے جائیں گے ۔دوران میچز و موومنٹ ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کےلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران ٹریفک پولیس کے347سے زائد افسران و جوان اسپیشل ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جن میں7ڈی ایس پیز،27انسپکٹر،206ٹریفک وارڈنز اور107ٹریفک اسسٹنٹ شامل ہیں۔
دوران میچز و کرکٹ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں رکھنے کےلئے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
شائقین کرکٹ کی سہولت کےلئے 3جگہوں پر پارکنگ کی سہولیات فراہم کی گئی ہے جن میں سول ایوی ایشن گراﺅنڈ شاہین چوک، شہباز شریف پارک نزد شاہین چوک اور گریجویٹ ڈگری کالج سیٹلائیٹ ٹاﺅن شامل ہیں۔پارکنگ ایریا سے اسٹیڈیم تک رسائی کےلئے شٹل سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔کرکٹ ٹیموں کی اسٹیڈیم تک آمد اور واپسی کے وقت مری روڈ کو فیض آباد سے ڈبل روڈ تک مکمل طور پر بند کیا جائے گا اس دوران اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گاجبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ 6روڈ سید پورروڈ کا استعمال کرتے ہوئے اسلام آبادداخل ہو سکے گی
غوثیہ چوک سے آنے والی ٹریفک کو براستہ فاروق اعظم روڈ، کری روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔دوران میچ اسٹیڈیم روڈ 9ایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک دونوں اطراف ٹریفک کےلئے مکمل طور پر بند ہو گی۔ اس دوران اسلام آباد9ایونیو سے آنے والی ٹریفک براستہ فیض آباد ایکسپریس وے اور روڈ سے پنڈورہ چونگی ، کٹاریاں، کیرج فیکٹری ، پرودھائی موڑ ،چک مدد سے راولپنڈی میں داخل ہو سکے گی
راولپنڈی سے ڈبل روڈ 9ایونیواسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ مری روڈ فیض آباد اسلام آباد داخل ہو سکے گی ۔
دوران میچ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کےلئے راولپنڈی کی اہم شاہراہوں پرمتبادل راستوں اور پارکنگ کے حوالے سے آگاہی بینر بھی آویزاں کیے جائیں گے ۔ ٹریفک پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز اور ریڈیو اسٹیشن 88.6کے ذریعے بھی شہریوں کو ڈائیورشن پوائنٹس اورٹریفک صورتحال کے متعلق بھی لمحہ با لمحہ آگاہی فراہم کی جائے گی۔