پی ایس ایل پر راولپنڈی میں شہریوں اورشائقین کیلئے منظم ٹریفک پلان جاری

 

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر)راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ڈبل روڈ کرکٹ سٹیڈیم میں یکم مارچ تا12مارچ2023 تک پاکستان سپر لیگ کرکٹ میچز کے حوالے سے شہریوں اور شائقین کرکٹ کی سہولت کےلئے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا ۔
ٹریفک پولیس کے 347افسران و جوان تعینات ۔دوران میچز و موومنٹ ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کےلئے خصوصی انتظامات۔شہریوں کی رہنمائی کےلئے شاہراہوں پر متبادل روٹس و پارکنگ کے حوالے سے آگاہی بینر آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ آفیشل پیجز اور ریڈیو اسٹیشن کے ذریعے ٹریفک صورتحال کے متعلق لمحہ با لمحہ آگاہی بھی فراہم کی جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈ ی نے 01مارچ تا12مارچ 2023ڈبل روڈ کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میںپاکستان سپرلیگ کرکٹ میچز کے دوران شہریوں کو ٹریفک کی بہترین سہولیات فراہم کرنے ، پارکنگ و ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کے حوالے سے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا ۔

اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران ٹریفک پولیس کے347سے زائد افسران و جوان سپیشل ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جن میں07ڈی ایس پیز،27انسپکٹر،206ٹریفک وارڈنز اور107ٹریفک اسسٹنٹ شامل ہیں۔دوران میچز و کرکٹ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں رکھنے کےلئے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ شائقین کرکٹ کی سہولت کےلئے 3جگہوں پر پارکنگ کی سہولیات فراہم کی گئی ہے جن میں سول ایویشن گراؤنڈ شاہین چوک، شہباز شریف پارک نزد شاہین چوک اور گریجویٹ ڈگری کالج سیٹلائیٹ ٹاؤن شامل ہے۔پارکنگ ایریا سے اسٹیڈیم تک رسائی کےلئے شٹل سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔کرکٹ ٹیموں کی سٹیڈیم تک آمد اور واپسی کے وقت مری روڈ کو فیض آباد سے ڈبل روڈ تک مکمل طور پر بند کیا جائے گا اس دوران اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گاجبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ 6thروڈ سید پورروڈ کا استعمال کرتے ہوئے اسلام آبادداخل ہو سکے گی جبکہ غوثیہ چوک سے آنے والی ٹریفک کو براستہ فاروق اعظم روڈ، کری روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔دوران میچ اسٹیڈیم روڈ 9thایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک دونوں اطراف ٹریفک کےلئے مکمل طور پر بند ہو گی۔ اس دوران اسلام آباد9thایونیو سے آنے والی ٹریفک براستہ فیض آباد ایکسپریس وے اور IJPروڈ سے پنڈورہ چونگی ، کٹاریاں، کیرج فیکٹری ، پرودھائی موڑ ،چک مدد سے راولپنڈی میں داخل ہو سکے گی جبکہ راولپنڈی سے ڈبل روڈ 9thایونیواسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ مری روڈ فیض آباد اسلام آباد داخل ہو سکے گی ۔

اس مو قع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کا کہنا تھا کہ دوران میچ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کےلئے راولپنڈی کی اہم شاہراہوں پرمتبادل راستوں اور پارکنگ کے حوالے سے آگاہی بینر بھی آویزاںکیے جائیں گے تا کہ شہری اس سے بھر پور استفادہ کریں

۔ ٹریفک پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز اور ریڈیو اسٹیشن 88.6کے ذریعے بھی شہریوں کو ڈائیورشن پوائنٹس اورٹریفک صورتحال کے متعلق بھی لمحہ با لمحہ آگاہی فراہم کی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی کےلئے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔

ٹیموں کی سکیورٹی اور شہر میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی سکیورٹی اداروں و ٹریفک پولیس سے زیادہ شہریوں کے تعاون سے مشروط ہے۔