کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں اسکول معمول کے مطابق کھلیں گے ، ترجمان وزیر تعلیم کا بیان سامنے آگیا ۔ آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے دار ارقم اسکولز کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹرخالد رضا کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ۔ ٹی ایل پی کی ہڑتال میں اسکول وینز کی آمدورفت جاری رہے گی ۔ تحریک لبیک کے ترجمان نے شرپسند عناصر پر نظر رکھنے اور قانون کے حوالے کرنے کی اپیل کردی ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں اتوار کی شام گھر کی دہلیز پر قتل کیے جانے والے دار ارقم اسکولز کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد رضا کے واقعے کے بعد نجی تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے کئی خبریں زیر گردش ہیں ، تاہم چیئرمین آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے کل نجی تعلیمی اداروں میں یوم سیاہ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ چیئرمین طارق شاہ نے رات گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ دار ارقم اسکولز کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کا قتل انتہائی قابل افسوس ہے ۔خالد رضا کا سانحہ لا قانونیت کی بد ترین مثال ہے۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیر اعلی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ میں اساتذہ اور طلباء بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں، وہیں آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدرعلی اور مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر نجیب میمن، دوست محمد دانش، مرتضی شاہ، محمد سلیم، توصیف شاہ، اعجاز کاشف، محمد ساجد، اشفاق احمد،منیر عباسی، مرزا اشفاق بیگ، شکیل سومرو، یونس قائم خانی، اور دیگر ایگزیکٹو ممبران نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقتول خالد رضا کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں صدمے کی اس گھڑی میں پوری اسکول برادری افسردہ ہے۔ مرحوم ایک بہترین منتظم اور بڑے استاد تھے جن کی تعلیمی خدمات ناقابل فراموش رہیں گی۔ وزیر اعلی سندھ اور متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر اس کی مکمل تفتیش کی جائے آور اہل خانہ کو انصاف دلایا جائے۔امت کو وزیر تعلیم کے ترجمان نے اسکول کی پیر کے روز بندش کے حوالے سے بتایا کہ اسکولز کی چھٹی کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ نہیں ہوا، اسکولز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔دوسری جانب کراچی میں کئی برسوں بعد ٹی ایل پی کی جانب سے ہڑتال کی خبروں پر والدین پریشانی میں مبتلا ہیں ۔ اس ضمن میں تحریک لبیک کراچی کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ اسکول وینز اور اسکول جانے والی گاڑیوں کے راستے کھلے رہیں گے ۔ وہیں ترجمان ٹی ایل پی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹی ایل پی ڈنڈے کے زور پر کاروبار بند کروانے کی کسی صورت قائل نہیں۔ 27 فروری کی ہڑتال کی تیاریاں مکمل ہیں ۔پہلا مرحلہ پر امن عوامی ہڑتال پر مشتمل ہے ۔دوسرے مرحلے کا اعلان قیادت بعد میں کرے گی ۔ہڑتال بدترین مہنگائی کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگی ۔ٹی ایل پی کی ہڑتال مکمل طور پر پرامن ہوگی ۔عوام پرامن ہڑتال کو احتجاج کے طور پر کامیاب کریں ۔بعض مقامات پر تاجروں کو حراساں کرنے کی اطلاع موصول ہوئی ہیں ۔عوام ھڑتال کو سبوتاژ كرنے والے شرپسند عناصر پر نظر رکھیں۔شرپسند عناصر کے خلاف فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلع کریں ۔پرامن ہڑتال کی حمایت پر تاجر برادری سمیت عوامی حلقوں کے بے حد مشکور ہیں۔