باجوڑ( نمائندہ امت)عام انتخابات کیلئے جماعت اسلامی باجوڑ نے امیدواروں کا اعلان کردیا
این اے 8 کیلئے حاجی سردار خان پی کے 18 کیلئے مولانا وحید گل پی کے 19 کیلئے سراج الدین خان جبکہ پی کے 20 کیلئے ملک ایاز کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے
اس سلسلے میں آج سابق ایم پی اے سراج الدین خان کی رہائش گاہ پر جماعت اسلامی کے قائدین نے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں ضلعی امیر صاحبزادہ ہارون الرشید اور تحصیل ذمہ داران اور کارکنان نے بھر پور شرکت کی۔
اس موقع پر صاحبزادہ ہارون الرشید نے پی ٹی آئی کی سابق مرکزی اور صوبائی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کو تباہی اور بربادی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔اس وقت ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے نفرت انگیز سیاست کو پروان چڑھا کر عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔جماعت اسلامی کی قیادت اس ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔
ایک صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن چونکہ مختصر وقت کیلئے منعقد ہونے کا امکان ہے اس لئے ہم نے این اے 40 کیلئے متفقہ طور پر سابقہ ایم پی اے کے فرزند عابد خان کے نام پر متفقہ فیصلہ کیا ہے ۔جماعت اسلامی کی صالح اور کرپشن سے پاک قیادت کی بدولت تمام نشستوں پر ہماری کامیابی اور جیت یقینی ہے ۔