اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کے اسلام آباد اورراولپنڈی آمد پر اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا۔کرکٹ ٹیموں کے رہائشی ہوٹل کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کو موثر بنانے کے لئے چاک و چوبنددستے تعینات کر دیے گئے،
رہائشی ہوٹل کے اسٹاف کی ویریفکیشن کو یقینی بنایا جارہاہے، ہوٹل کے چاروں اطراف ریزرو پولیس تعینات کی جارہی ہے، جو کسی بھی ناخوشگوار حالات میں لا اینڈ آرڈرز کو قابو کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ ٹیم کی سکیورٹی کو مؤثر کرنے اور سرویلنس کو یقینی بنانے کے لیے موٹرکیڈ میں سیف سٹی اسمارٹ کارز اور موبائل جیمرز وگاڑی بھی تعینات کی جائے گی۔
پولیس کمانڈوزکی جدید ہتھیار سے لیس ٹیم قافلے کے ساتھ اسکواڈ ڈیوٹی سر انجام دے گی۔روٹ ڈیوٹی کے لئے پاکستان آرمی، پاکستان رینجرز، ایف سی، سی ٹی ڈی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ جدید کیمروں کی مدد سے ایئر سرویلنس کی جائے گی۔ سی ڈی اے کی مدد سے روٹ کے دونوں اطراف گرین بیلٹ پر جھاڑیوں کو ختم کرواکر سویپنگ کروائی جارہی ہے۔
ٹیموں کے روٹس کے دونوں اطراف کچی آبادیوں میں سرچ اینڈ کومنگ آپریشن کروایا جائے گااور دوران موومنٹ مکمل طور پر بند کیا جائے گا۔ عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر بھر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے متبادل راستے دئیے جائیں گے