قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد طلبا تصادم کے بعد بند

اسلام آباد (امت نیوز) قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد دو طلبا تنظیموں کے درمیان تصادم کے بعدغیر معینہ مدت کیلئے بند کردی گئی
رجسٹرار ڈاکٹر راجا قیصر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جامعہ کو کشیدہ حالات کے باعث غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ ہاسٹلز میں رہائش پذیر طلبا و طالبات کو فوری ہاسٹلز خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل قائد اعظم یونیورسٹی میں دو گروپوں کے درمیان لڑائی ہوئی جس میں 7 سے 8 طالبعلم زخمی ہوگئے تھے، لڑائی کے دوران دونوں جانب سے طلبا نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں، لوہے کی سلاخوں اور پتھروں کا آزادانہ استعمال کیا۔
جھگڑے کے دوران یونیورسٹی کی ایمبولینس کے شیشے بھی توڑ دئیے گئے ، بعد ازاں دونوں لسانی کونسلز کے طلباء ہاسٹلز کی جانب چلے گئے جہاں لڑائی کا سلسلہ جاری رہا۔
قائداعظم یونیورسٹی انتظامیہ نے ایس ایچ او سیکرٹریٹ اور ڈی ایس پی سیکرٹریٹ کو حالات پر قابو پانے کیلئے طلب کیا ۔
کشیدہ حالات کے پیش نظر یونیورسٹی انتظامیہ نے جامعہ کو غیر معینہ مدت تک بند رکھنے اور طلبا کوہاسٹلز فی الفور خالی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق جامعہ انتظامیہ ہاسٹلز خالی کرواکر گرینڈ آپریشن کرنے جا رہی ہے اگر طلباء نے ہاسٹلز خالی نہ بھی کئے تو منگل سے آپریشن کا آغاز کردیا جائے گا