اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن لیڈرکی نامزدگی کےلیے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کوخط لکھ دیا۔خط میں شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے
خط میں کہا گیا ہے کہ لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے ۔ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن لیڈربنانے کی منظوری دی ہے لہذا اسپیکر قومی اسمبلی نیا اپوزیشن چیئرمین تحریک انصاف کے نامزد امیدوار کو بنائیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آفتاب سلطان کے مستعفیٰ ہونے کے بعد چئیرمین نیب کا اہم عہدہ خالی ہے، نئے چیئرمین نیب کی تقرری وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے کی جائے۔
خیال رہے کہ 23 فروری کو عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کے اجلاس میں تحریک انصاف نے پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو قومی اسمبلی میں واپسی پر قائد حزب اختلاف بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین نیب کی تقرری میں پی ٹی آئی ہرصورت شامل ہو گی، چیئرمین نیب کی تقرری میں مشاورت نہ کی گئی تو فیصلہ عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔