ماہ رمضان میں اسرائیلی کھجوروں کے بائیکاٹ کی اپیل

لندن(امت نیوز)برطانیہ کی غیرسرکاری تنظیم فرینڈز آف الاقصیٰ (ایف او اے) نے یورپ بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہ رمضان المبارک میں اسرائیل کی کھجوریں خریدنے سے گریز کریں
ایف او اے نے بیان میں کہا کہ اس رمضان اسرائیلی کھجوریں نہ خرید کر مسلم کمیونٹی فلسطین میں اسرائیل کے غیرقانونی قبضے اور نسل پرستی کے خلاف مذمت کا واضح اور مضبوط پیغام بھیج سکتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل دنیا میں میدجول کھجوریں پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ اسرائیل کی 50 فیصد کھجوریں یورپ میں ایکسپورٹ کی جاتی ہیں۔ 2020 میں برطانیہ نے اسرائیل سے تین ہزار ٹن کھجوریں امپورٹ کیں جن کی مالیت تقریباً 89 لاکھ ڈالر تھی۔

ایف او اے نے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ رواں برس اب تک اسرائیل نے 13 بچوں سمیت 62 فلسطینیوں کو ہلاک کیا۔اسرائیلی حکومت گھروں کی مسماری کو خطرناک حد تک بڑھا رہی ہے اور غیرقانونی بستیوں کی توسیع کا وعدہ بھی کیا ہے۔
ایف او اے نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ اسرائیل نسل پرستی کی جرم کا ارتکاب کر رہا ہے اور یورپی ریاستیں اسرائیل پر پابندیاں لگانے اور بین الاقوامی قوانین کو برقرار رکھنے میں ناکام ہو رہی ہیں۔