لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف آج اسلام آباد کی عدالتوں میں 4 مختلف مقدمات کی سماعت ہو رہی ہے۔ عدالتوں کی جانب سے مزید مہلت نہ دیے جانے کے بعد عمران خان نے اسلام آباد آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی ضمانت کی مدت آج ختم ہو رہی ہے اس بنا پر بھی ان کا آج پیش ہونا لازمی ہے۔ وہ انسداد دہشت گردی اور بینکنگ کورٹ میں بھی پیش ہوں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے اسلام آباد کے لئے روانہ گئے، عمران خان برآستہ موٹروے اسلام آباد پہنچیں گے، ان کا اسلام آباد ٹول پلازہ پر استقبال ہوگا۔
چئیرمین عمران خان زخمی ہونے کے باوجود آج عدالت میں پیشی کےلئے اسلام آباد تشریف لا رہے ہیں۔
📍جوڈیشل کمپلیکس، G-11،اسلام آباد #آرہا_ہے_کپتان_اسلام_آباد pic.twitter.com/YlDGTkOtkx— PTI (@PTIofficial) February 28, 2023
کارکنان کی بڑی تعداد قافلے کی شکل میں عمران خان کے ساتھ موجود ہے جبکہ قافلے کے ساتھ سیکیورٹی اور جیمبرز کی گاڑیاں بھی موجود ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی قافلے کی صورت میں جوڈیشل کمپلیکس پہنچیں گے۔ اسلام آباد کی عدالتوں میں پیشی کے بعد عمران خان واپس لاہور آئیں گے۔عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فول پروف سیکیورٹی انتظامات ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان طیارے کے بجائے موٹروے سے اسلام آباد روانہ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان لاہور میں اپنی رہائش گاہ سے صبح ساڑھے 7 بجے روانہ ہوں گے،سابق وزیر اعظم کے ساتھ پی ٹی آئی کارکن بھی اسلام آباد جائیں گے۔ تاہم منگل کی صبح عمران خان 8 بجے کے لگ بھگ روانہ ہوئے۔
عمران خان کی روانگی سے قبل ایک ٹوئیٹ میں تحریک انصاف کی رہنما مسرت چیمہ نے کہاکہ جنہوں نےعمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا، خان صاحب کواب بھی ان سے خطرہ لاحق ہے،عمران خان جہاں بلایا جا رہا ہے وہ قطعی طور پر محفوظ نہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر کوئی سازش ہوئی تو اس کے ذمہ داران کا تعین قوم کے لیے مشکل نہیں ہے، خان صاحب کو سکیورٹی دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، اگرکوئی سازش ہوئی تو اس کی ذمہ داری انہی پرعائد ہوگی جوانہیں بار بار بلا رہے ہیں۔
عمران خان کی اسلام آباد روانگی پر پی ٹی آئی کی جانب سے #آرہا_ہے_کپتان_اسلام_آباد کا ٹرینڈ چلایا جا رہا ہے۔
اگرچہ پارٹی کی جانب سے کارکنوں کو عدالت میں نہیں بلایا گیا تاہم آفیشل ٹوئٹر ہینل سے کہا گیا، ”چئیرمین عمران خان زخمی ہونے کے باوجود آج عدالت میں پیشی کےلئے اسلام آباد تشریف لا رہے ہیں۔ جوڈیشل کمپلیکس، G-11،اسلام آباد“ تاہم سابق وزیراعظم کو صرف G11 میں ہی نہیں بلکہ ضلع کچہری میں بھی پیش ہونا ہے ۔