کراچی:سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 16 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کراچی کے مستعفی ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے خلاف سماعت ہوئی۔
درخواستیں دائرکرنے والوں میں ایم این اے علی زیدی، آفتاب جہانگیر، فہیم خان، عطاءاللہ ایڈووکیٹ، سیدالرحمان محسود، آفتاب صدیقی، اسلم خان، نجیب ہارون اور عالمگیرخان شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے وکیل شہاب امام ایڈووکیٹ کا مؤقف تھا کہ اسپیکرقومی اسمبلی نےاستعفوں کی منظوری کا پروسیس قانون کے مطابق پورا نہیں کیا، استعفیٰ دینے والے ارکان سے ان کے استعفوں کی تصدیق نہیں کی گئی، الیکشن کمیشن نے بھی لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کراچی سے پی ٹی آئی کے ایم این ایز کےاستعفوں کی منظوری کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کوغیرقانونی اور کالعدم قرار دیا جائے۔
سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں 16 مارچ کو ہونےوالے ضمنی الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کردی۔
عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 21 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن، اسپیکر و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔